حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بی بی خدیجہ الکبری موجودہ دور میں خواتین کے لئے بہترین رول ماڈل ہیں، محسنہ اسلام نے اپنی ساری دولت اسلام اور دین محمدی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم پر قربان کر کے رہتی دنیا کو پیغام دیا کہ اسلام کی ترویج کے لیے سب کچھ قربان کیا جا سکتا ہے۔ موجودہ حالات میں بی بی خدیجہ سلام اللہ علیہا کے جزبہ کو ہر طبقے میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ اس بات کا اظہار امام جمعہ حجۃ السلام علامہ اشفاق وحیدی نے شب وفات بی بی خدیجہ الکبری پر زینبیہ اسلامک سنٹر برزبین میں مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج اسلام جو دنیا کے کونے کونے تک زندہ جاوید ہے بی بی کی قربانی کی وجہ سے اس لیے بی بی خدیجہ الکبری کو محسنہ اسلام کہا جاتا ہے عصر حاضر میں خواتین کے حقوق کی بات کی جاتی ہے،جبکہ بی بی خدیجہ کی سیرت سے حقوق نسوان کے تحفظ کو پیغام ملتا ہے
دین الہی کی ترویج کے لیے بی بی خدیجہ پوری زندگی جدو جہد کرتی رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دور کے ظالم نے ہمیشہ رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کو اذیت دینے اور تنگ کرتے لیکن بی بی ہر وقت تحفظ رسالت کےُ لیے ہمیشہ سیسہ پلائی ھوئی دیوار کی ماند صف اوّل نظر آئی۔ آج ہماری ماوں بہنوں بیٹیوں کو جذبہ بی بی خدیجہ کی ضرورت ہے تاکہ دور حاضر کے طاغوت کا مقابلہ کر سکیں
علامہ اشفاق وحیدی نے کہا کہ سیرت ام المعصومین علیہم السلام کے ذریعہ معاشرے سے برائیوں کا خاتمہ کرنا ہے آج جو خواتین اپنے حقوق سے پیچھے نظر آتی ھیں استعمار کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے عورت کو اپنے حقوق کا شعور ہی نہی دیا گیا حقوق نسوان کی صحیح تصویر سیرت بی بی خدیجہ الکبری سے ملتی ہے۔